07 فروری ، 2016
راولپنڈی ......جدہ میں پھنسے 7 سو عمرہ زائرین کو لے کر پی آئی اے کی 2 پروازیں راولپنڈی پہنچ گئیں ، 5 دن سے پھنسے مسافروں نے وطن پہنچ کر سکھ کا سانس لیا ۔
لاہور ایئر پورٹ سے بھی آج شام فلائٹ آپریشن کی بحالی کا امکان ہے ، انتظامیہ کا آپریشن کی جزوی بحالی کا دعوی سامنے آیا ہے، راولپنڈی سے ایک اور طیارہ 2 سو 11 مسافروں کو لے دبئی روانگی کے لیے تیار ہے۔
5 روز میں یہ پہلی مرتبہ ممکن ہوا کہ ملک کی فضاوں میں قومی ائیر لائن کے طیارے محو پرواز دکھائے دئیے،ورنہ ہڑتالی ملازمین کی کام بند مہم کے باعث ہوائی اڈوں پر جہاز گاڑیوں کی طرح پہیوں کے سہارے کھڑے تھے ۔
سعودی عرب سےعمرہ زائرین سمیت کم و بیش 700مسافروں کو لے کر پی آئی اے کی 2 پروازیں بے نظیر ایئر پورٹ پہنچیں تو منظر دیدنی تھا،مسافروں نے طیاروں سے اترتے ہی موبائل فونز آن کئے اور عزیز رشتہ داروں کو اپنی آمد کی اطلاع دی ۔
عملے کے ارکان کا موقع پر موجود انتظامیہ کے اہلکاروں نے پرتپاک استقبال کیا اور رکا ہوا عمل بحال کرنےپر بطور اظہار تشکر انہیں گلے سے لگایا،یہی جذبات زائرین اور دیگر مسافروں کے استقبال کے موقع پر بھی نظر آئے ،مسافروں نے بھی وطن واپس پہنچنے پر سکھ کا سانس لیا اور امید ظاہر کی کہ بحران جلد ختم ہوجائے گا۔