03 جون ، 2012
ہمبن ٹوٹا … پاکستان نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں سری لنکا کو جیت کیلئے 123 رنز کا ہدف دیا، آل راوٴنڈر شاہد آفریدی نے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ مہندرا راجا پاکسے کرکٹ اسٹیڈیم ہمبن ٹوٹا میں کھیلے جارہے میچ میں کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مشکلات کا شکار نظر آئی اور صرف 41 رنز پر کپتان سمیت 4 بیٹسمین آوٴٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ احمد شہزاد6 ، خالد لطیف ایک اور عمر اکمل صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان محمد حفیظ بھی 41 کے مجموعی اسکور پر 24 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئے۔ اس موقع پر شعیب ملک اور شاہد آفریدی نے 68 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا دیا، سابق کپتان اور مایہ ناز آل راوٴنڈر شاہد آفریدی 33 گیندوں پر 52 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے، انہوں نے اننگز میں 5 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ شعیب ملک 27 رنز بنا کر پریرا کی گیند پر دلشان کے ہاتھوں کیچ آوٴٹ ہوئے جبکہ عمر گل کی جگہ ٹیم میں شامل کئے گئے یاسر عرفات نے 2 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے کولاسیکارا اور لوکو آراچی نے 2، 2 وکٹیں لیں۔