03 جون ، 2012
کوئٹہ… وزیراعظم سیّد یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے اور یہاں کے لوگ محب وطن ہیں، ماضی میں صوبے کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے ازالہ کیلئے موجودہ حکومت ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور سب سے پسماندہ صوبے کی ترقی کیلئے اڑھائی سو ارب روپے سے زائد رقم ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کی جا رہی ہے، بلوچستان کے 1500 نوجوانوں کو وفاقی لیویز میں نوکریاں دی گئی ہیں، ساتویں این ایف سی ایوارڈ میں صوبے کا حصہ 40 سے بڑھ کر 120 ارب روپے ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر محمد صادق عمرانی کی قیادت میں ملنے والے پیپلز پارٹی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو ہدایت کی کہ 15 ہزار گریجویٹ نوجوانوں کی نشاندہی کریں تاکہ وفاقی حکومت کی طرف سے ان کی نوکریوں کا بندوبست کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی وفاقی لیویز فورس میں 1500نوکریاں دی جاچکی ہیں جبکہ بلوچستان کے مزید10ہزار نوجوانوں کو نوکریاں دی جائیں گی جن میں سے5ہزار کو ان کے متعلقہ شعبوں میں تربیت کیلئے بیرون ملک بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ساتویں این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کا حصہ40ارب روپے سے بڑھا کر 120ارب روپے ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بلوچستان کے نوجوانوں کو اسکالر شپ دینے کیلئے 6ارب روپے مختص کئے۔وزیراعظم نے کہا کہ 5ارب روپے بلوچستان کے غریب خاندانوں میں تقسیم کئے گئے ،کچھی کینال کی تکمیل سے صوبے کی معیشت میں ایک انقلاب آئے گا۔انہوں نے کہا کہ 3.2ارب روپے گوادر رتوڈیرو روڈ کی تکمیل کیلئے مختص کئے گئے ہیں اور یہ روڈ 3صوبوں کے درمیان رابطے کا کام کریگا۔افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس تجارت سے پاکستان کو اربوں ڈالر ریونیو کی مد میں حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت نے ایران، چائنا اور دیگر دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کیلئے خاطر خواہ اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاغی کو گیس کی فراہمی کیلئے ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ 4.1 ارب روپے سوئی اور کوہلو کی ترقی کیلئے بھی دیئے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں شمسی توانائی پرسبسڈی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں آئی ٹی سینٹرز کے قیام سے لاکھوں نوکریوں کے مواقع پیدا ہونگے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ محب وطن اور باصلاحیت ہیں۔