پاکستان
03 جون ، 2012

وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے ، میر چنگیز جمالی

اوستہ محمد… وفاقی و زیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میر چنگیز خان جمالی اور سابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ میر جان محمد جمالی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں دوسر ے شعبوں کے ساتھ ساتھ بجلی کی فراہمی کو جدید طریقوں سے استوار کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، اوچ پاور سے جعفرآباد، نصیرآباد اور جھل مگسی کو بجلی کی فراہمی کے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جا ئے گا، یہ بات انہوں نے اتوار کو یہاں اوستہ محمد میں جعفرآباد میں بجلی کی فراہمی کے حوالہ سے سندھ بلوچستان واپڈا حکام کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس سے قبل واپڈا کیسکو چیف بلوچستان عبدالرؤف بلوچ اور حیسکو چیف انجینئر سندھ منور علی عباسی نے اجلاس کو اوچ پاور پلانٹ سے جعفرآباد، نصیرآباد اور جھل مگسی کوبجلی کی فراہمی کے حوالے سے مکمل بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اوچ پاور پلانٹ کے منصوبے کا ٹینڈر کا کام مکمل ہوچکا ہے اور 2 سو کے وی بجلی کی فراہمی کا کام جلد شروع کیاجائے گا اور اس کام کو 2013 مکمل کرلیا جائے گا ۔ اس منصوبے پر 1952ملین کی لاگت آئے گی۔انہوں نے کہا کہ 66کے وی گریڈ اسٹیشن اوستہ محمد کو 120گریڈا سٹیشن بنایا جائے گا تاکہ علاقے کو بجلی کی بہتر فراہمی ہوسکے۔ وفاقی وزیر میر چنگیز جمالی نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی اور تعمیر میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے اور بجلی کی وافر پیداوار اور متبال ذرائع کیلئے محکمہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بلوچستان کے لئے جلد نئے منصوبے شروع کرے گا جس سے بلوچستان کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے گا بلوچستان پاکستان کا دل ہے اس لئے بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن دیکھنا موجودہ حکومت کا خواب ہے اور اس خواب کی تعبیر میں وزیراعظم ذاتی طور پر اقدامات کررہے ہیں۔

مزید خبریں :