08 جون ، 2012
رملہ… فلسطین کی انسداد بدعنوانی عدالت نے یاسر عرفات مرحوم کے مالی امور کے سابق نگران محمد راشد کو کروڑوں ڈالر خوردبرد کے الزام میں 15سال قید اور 15ملین ڈالر جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا۔ انسداد بدعنوانی کورٹ میں محمد راشد پر منی لانڈرنگ اور خوردبرد کے الزامات ثابت ہوگئے ۔ یاسر عرفات کے مالی امور کے سابق نگران محمد راشد اور اسکے دو ساتھی فلسطینی انویسٹمنٹ فنڈ فنانس کرنے والے غیر ملکی ڈونر اداروں سے مجموعی طور پر 33.5ملین ڈالر ہتھیانے میں ملوث پائے گئے۔ عدالت نے رملہ کے شہر مغربی کنارے میں راشد کو اس کی غیر موجودگی میں 15سال قید کی سزا کا حکم سنا دیا۔ نومبر 2004ء میں یاسر عرفات کی وفات کے بعد محمد راشد ملک چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔ راشد کا مشرقی وسطیٰ کے چار ممالک میں کاروبار ہے۔ فلسطینی حکام مذکورہ ملکوں سے محمد راشد کے اثاثے منجمد اور اسے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔