08 جون ، 2012
اوسلو … برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے شہریوں کے قتل عام کے ایک اور واقعے کی اطلاعات منظر عام پر آنے کے بعد عالمی برادری سے شام کے صدر بشارالاسد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ناروے کے دورے پرآئے ہوئے برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ اگر شہریوں کے قتل عام سے متعلق اطلاعات درست ہیں تو یہ صدر بشارالاسد کی حکومت کے خلاف ایک اور ثبوت ہے کہ وہ مکمل طور پر غیر قانونی ہے اور اس کے خلاف سخت کارروائی ضروری ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ صدر بشارالاسد کو مزید تنہا کرنے کیلئے اقدامات کرے ۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا شام میں اقتدار کی تبدیلی کی منتظر ہے۔