07 جون ، 2016
بہت سے شہروں میں پہلے روزے پر گرمی نے ہوش اڑادیے، سبی والوں نے 52ڈگری میں روزہ رکھا، لاہور اور اسلام آباد میں درجہ حرارت 40، کراچی میں 38ڈگری رہا، پنجاب حکومت نے لاہور میں سستے رمضان بازار لگائے تو کچھ بازاروں میں ٹھنڈا ٹھار ماحول بھی فراہم کر دیا۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی لاہور میں 31 سستے رمضان بازار لگائے گئے ،مگر گرمی کا ایسا زور کہ خریداری مشکل ،حکومت نے شہریوں کو جھنجلاہٹ اور بیزاری سے بچانے کے لیے انوکھا مگر خوشگوار تجربہ کر ڈالا، 10 رمضان بازارایئرکنڈیشنڈ مارکیٹس میں قائم کر دئیے، بازار وں میں ٹھنڈی ہوائیں بکھیرتے چلر اور پانی کی پھوار برساتے پنکھے ،سستی خریداری کیساتھ ٹھنڈی ہواؤں کے مزے بھی رہے۔
ٹھنڈا ٹھار ماحول ہی نہیں، سستانے اور تازہ دم ہونے کے لیے بیٹھنے کا بھی اہتمام، رمضان بازاروں کے انچارج بلال یاسین کا کہنا ہے کہ ان بازاروں کا مقصد خریداروں کوہر ممکن سہولت مہیا کرنا ہے۔
عوامی حلقوں نے شدید گرمی میں ایسی آسائش کو احسن اقدام قرار دیا ہے، لاہور میں کئی مقامات پر سستے رمضان بازاروں کا جدید انداز متعارف کرایا گیا ہے،بڑی بڑی مارکیٹس میں قائم یہ ایئر کنڈیشنڈ رمضان بازار جہاں خریداروں کے لیے راحت کا ذریعہ ہیں وہاں گرمی کے ستائے روزہ داروں کے لیے سائے کا بھی مقام ہیں۔