08 جون ، 2016
افضل ندیم ڈوگر...کراچی کے علاقے دہلی کالونی کی رہائشی خاتون حلیمہ کے قتل کے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم رضوان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، واردات کے بعد ملزم مقتولہ کے کمسن بچے عبداللہ کو ایدھی سینٹر میں داخل کراکر فرار ہوگیا تھا ۔
کراچی کے علاقے دہلی کالونی کے ایک فلیٹ سے 31 مئی کو ایک عورت کی لاش ملی تھی، جسے بعد اذاں ایک روز قبل دو دریا سے ملنے وا لے کمسن بچے کی ماں کے طور پر شناخت کیا گیا تھا۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے دوران بچے کو ایدھی سینٹر چھوڑ کر جانیوالا ملزم رضوان ایاز ہی حلیمہ کے مبینہ قتل میں ملوث ظاہر ہوا، جو مقتولہ کا قیوم آباد میں سابقہ پڑوسی تھا۔
فرئیر پولیس نے قتل کے مقدمہ میں ملزم رضوان ایاز اور اسکی بیوی کو نامزد کیا تھا، ملزمہ سونیا گرفتاری کے بعد اس کیس میں ریمانڈ پر ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم رضوان کی گرفتاری کے لئے پولیس کی مختلف ٹیمیں پنجاب روانہ کی گئی تھیں، جنہوں نے لاہور اور گجرات میں بھی چھاپے مارے، ڈی آئی جی ساؤتھ منیر احمد شیخ کے مطابق ملزم اضوان کو آج سپرہائی وے سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔