10 جون ، 2012
کراچی… سی این جی ایسوسی ایشن کی ہڑتال روز بروز غیر موثر ہوتی جارہی ہے ۔ سندھ کے تقریباً تمام اور بلوچستان کے اکثر سی این جی اسٹیشن کھل گئے۔ تاہم پنجاب اور خیبر پختونخواکے زیادہ تر شہروں میں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے۔سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ٹیکس میں مجوزہ اضافہ کے خلاف پنجاب کے بیشتر شہروں میں ہڑتال رہی۔ کچھ شہروں میں پہلے گیس لوڈمینجمنٹ اور اب سی این جی ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث چھ روز سے شہری گاڑیوں میں گیس نہیں ڈلوا سکے۔سندھ میں ہڑتال غیر موثر رہی اور تمام اسٹیشن کھلے رہے ، بلوچستان میں جعفرآباد، نصیرآباد، اور سبی میں جبکہ خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں تمام پمپ کھلے رہے۔ اسلام آباد میں تو سی این جی کے ساتھ ساتھ پٹرول کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔نوکری کے لیے وقت پر پہنچے والوں سمیت بہت سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ نہ تو پبلک ٹرانسپورٹ ہے، نہ ذاتی سوار کے لیے ایندھن۔ دوسری جانب پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگلے دو روز میں مطالبات منظور نہ ہوئے تو منگل سے پٹرول پمپ بند کر کے وہ بھی ہڑتال میں شامل ہوجائیں گے۔