30 جنوری ، 2012
اسلام آباد … محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے زیادہ ترعلاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا،تاہم کشمیر،گلگت بلتستان اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج دارالحکومت اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت صفرڈگری سینٹی گریڈ، راولپنڈی اور لاہور دو، کراچی دس،پشاور ایک، ایبٹ آباد اور گلگت منفی دو، قلات سات، مری اور ڑوب چار، پارا چنار منفی گیارہ، کوئٹہ منفی چھ ، اسکردو منفی آٹھ، زیارت منفی نو ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام علاقوں میں مطلع صاف ہے،تاہم سردی کی شدت بدستور برقرار ہے جبکہ ناران سے جل کھڈ تک شاہراہ کاغان ابھی تک بند ہے۔مانسہرہ میں دو ہفتے قبل شدید برف باری کے بعد بند ہوجانے والی ناران سے جل کھڈ تک شاہراہ کاغان تاحال بند ہے، علاقے میں 15 روز سے بجلی کی سپلائی بھی معطل ہے ،جبکہ ایندھن کی کمی کے علاوہ ٹیلیفون ایکسچینج اور نجی موبائل کمپنیوں کے ٹاورز بند ہونے سے مواصلاتی رابطہ بھی منقطع ہے۔