30 جنوری ، 2012
ملتان… امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے پھر نئے انتخابات کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف سے انتخابی اتحاد کے سلسلے میں ابھی کوئی پیشرفت نہیں ،تاہم سولو فلائیٹ اب کسی کے لئے ممکن نہیں رہی۔ ملتان میں چوہدری طفیل کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن کا کہنا تھا کہ الیکشن کا اعلان ہونے کے بعد ہی تمام پارٹیاں انتخابی اتحاد کی طرف جائیں گی۔ الیکشن سے قبل نیا اور خودمختار الیکشن کمیشن، قابل قبول عبوری حکومت اور شفاف انتخابی فہرستیں مرتب ہونی چاہیں۔منور حسن کا کہناتھا کہ بلوچستان آتش فشا پر کھڑا ہے کسی وقت بھی کچھ ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے جس نے آج تک نہ تو سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کیا نہ پارلیمنٹ کی قرار دادوں پر عمل کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بیڈ گورنرنس کی بہترین مثال ہے جبکہ سندھ میں مفاہمت کے نام پرحکومت دہشت گردوں کے حوالے کی گئی ہے، ٹارگٹ کلنگ میں حکمران خود ملوث ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے پرویز مشرف کی پالیسیوں کو دوام بخشا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیٹو سپلائی بحال کی گئی تو پارلیمنٹ کا گھیراؤ کریں گے۔ موجودہ حکومت عملی طور پر عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور اسے جلد نئے الیکشن کا اعلان کردینا چاہئے۔