02 اگست ، 2016
مظفرگڑھ میں بچوں کو اغوا کرکے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے والے گروہ کی گرفتاری کے بعد اب تک 8متاثرہ بچوں کے والدین سامنے آچکے ہیں۔ پولیس کی جانب سے ملزمان سے تفتیش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
مظفرگڑھ کی تحصیل کوٹ ادو میں 21جولائی کو پولیس نے انکشاف کیا تھا کہ انھوں نے ایک گروہ کے3کارندوں کو گرفتار کیا ہے ۔ملزمان نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا کہ وہ کمسن بچوں کو اغوا کرتے اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد ریلوے لائن پر پھینک کر فرار ہوجاتے ہیں۔
ڈی پی او ملک اویس احمد کا کہنا تھا کہ 29مئی کوایک بچے کے والد نے پولیس سے رابطہ کرکے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرایا،جس کے بعد ایک گروہ کو گرفتار کیا گیا جس نے اعتراف کیا ہے کہ ابتک8سے11سال عمرکے 11بچوں کو اغواء کرکے زیادتی کا نشانہ بنایاگیا۔
واقعہ کے بعد مزید متاثرہ بچوں کے والدین بھی منظر عام پر آگئے،ملزمان کی گرفتاری کے بعد ابتک8متاثرہ بچوں کے والدین نے پولیس سے رجوع کرلیا ہے جس کے بعد ملزمان کیخلاف8مقدمات تھانہ کوٹ ادو میں سنگین نوعیت کی دفعات کے تحت درج کیے جاچکے ہیں ۔