14 جون ، 2012
ویانا… اوپیک وزراء سطح کے اجلاس سے قبل خام تیل کی پیداوار میں اضافے کے معاملے پر ایران اور سعودی عرب کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے۔ سعودی عرب بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں استحکام کی غرض سے خام تیل کی پیداوار کا حامی جبکہ ایران سخت مخالف ہے۔ عراق نے بھی ایران کے موقف کی حمایت کر دی۔ تیل برآمد کرنے والے 12 ملکوں پر مشتمل اوپیک کے وزراء سطح کا اجلاس ویانا میں منعقد ہو رہا ہے۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ سعودی عرب پابندیوں کی وجہ سے ایران سے تیل درآمد نہ کرنے والے ملکوں کو تیل کی سپلائی میں اضافہ کر کے تیل کو بطور ہتھیار استعمال کرنے سے باز رہے۔ ایران کے وزیر برائے پٹرولیم رستم غزیمی نے کہا ہے کہ پابندیوں کے حوالے سے امریکہ اور یورپ کے تمام حربے ناکام ہوں گے۔ دریں اثناء سعودی عرب کے وزیر پٹرولیم علی نعیمی نے ایرانی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا ایران کے خلاف گھیراؤ تنگ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔