21 اپریل ، 2025
پاکستان نے سعودی عرب جانے والے بھکاری مافیا کے گرد گھیرا تنگ کر دیا۔
اتوار کو اسلام آبادمیں وزیرداخلہ محسن نقوی کی سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات ہوئی۔
سعودی سفارتخانے آمد پر سعودی سفیر نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ،باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
وزیرداخلہ نے معاشی و سماجی شعبوں میں پاکستان کا ساتھ دینے پر سعودی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی سفیر کو یقین دہانی کرائی کی پاکستان نے سعودی عرب جانے والے بھکاری مافیا کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔
ملاقات میں وزیر داخلہ نے بتایاکہ بھکاریوں اور غیر قانونی امیگریشن روکنے کی غرض سے پاسپورٹ کے حصول کے لیے نئی شرائط عائد کی جارہی ہیں، انسدادِ منشیات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سعودی عرب کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ سعودی شہریوں کے لیے پاکستان آنے پر کوئی ویزا نہیں ،جب چاہیں آئیں۔
دوسری جانب سعودی سفیرکا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات ہیں ، مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔