پاکستان
06 اگست ، 2016

کراچی :پی ای سی ایچ ایس کے گھروں میں پانی داخل

کراچی :پی ای سی ایچ ایس کے گھروں میں پانی داخل

 


بارش سے سب سے زیادہ متاثرہونے والے کراچی کےعلاقے پی ای سی ایچ ایس کے رہائشیوں نے مدد کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ کو پکارا ہے، کیا وزیر اعلیٰ بنگلوں گاڑیوں والوں کی خبر لیں گے، جن کے گھروں میں پانی کھڑا ہے۔


کراچی کے پوش علاقے پی ای سی ایچ ایس کے بلاک 6کی گلیاں اور گھر تھوڑی سی بارش میں ہی پانی پانی ہوگئےاور کچی آبادی کا منظر پیش کرنے لگے،جس کی وجہ علاقے سے گزرنے والا برساتی نالا ہے جوکچرے سے بھرا پڑا ہے۔


پانی سڑکوں سے گزررہا ہے اورگھروں میں جمع ہورہا ہے جبکہ علاقے میں ایک ماہ سے بجلی کے زیر زمین کیبل ڈالنے کا کام بھی چل رہا ہے، جو ختم ہو کر نہیں دے رہا ۔


علاقہ نشیبی ہے اور یہاں سے گزرنے والا نالا کچرے سے بھرا رہتا ہے، پانی کو راستہ نہ ملا تو وہ لوگوں کے گھروں میں گھس گیا، گھٹنوں گھٹنوں تک جمع پانی اور اس پر بجلی کا ٹوٹا تار، یہاں صرف مال کا نہیں جان کا بھی خطرہ ہے لیکن علاقہ مکینوں کو وزیراعلیٰ سے امید ہے کہ وہ ان کی داد رسی کریں گے۔


شہری انتظامیہ کو اس علاقے کی طرف خصوصی توجہ دینا ہوگی کیونکہ یہاں بہت سے اسکول بھی زیر آب ہیں۔

مزید خبریں :