07 اگست ، 2016
کراچی کی اہم سڑکوں پر جمع بارش کا پانی صاف کردیا گیا ہے، لیکن اندرونی گلیوں میں اب بھی پانی موجو دہے جبکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے بھی بارش کا مزا کرکرا کر دیا، 2 دن میں بارش کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 14ہوگئی ہے۔
کراچی میں 2 روز ابر رحمت برسا،شہریوں کے مرجھائے چہرے کھل اٹھے، لیکن کئی علاقوں میں جمع پانی اور بجلی کی طویل بندش نے عوام کو پریشان بھی خوب کیا، کچھ علاقوں میں تو رات آنکھوں میں ہی کٹی ۔
کے ڈی اے چورنگی ،گجر نا لہ ،ناگن چورنگی اور پی ای سی ایس ایچ بلاک 6 میں جہاں گزشتہ روز پانی گھروں میں داخل ہوگیاتھا، اب صورتحال قابو میں ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کے انتظامات بھی کئے گئے، جس سے حالات خاصے بہتر نظر آرہے ہیں۔
شہر کی مرکزی شاہراہوں پر پانی تو موجود نہیں البتہ اندرونی گلیوں اور محلوں میں اب بھی پانی موجود ہے۔ اتوار کو کرنٹ لگنے اور ڈوبنے سے ایک بچے سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، 3 دن میں بارش کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 14ہوگئی ہے۔