07 اگست ، 2016
کرپشن کے خلاف تحریک انصاف کی ریلی میں دو سرکاری گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دو سرکاری گاڑیوں میں سے ایک گاڑی محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کی ہے۔
عمران خان ایک بار پھر کنٹینرپر سوار ہوگئے، پشاور سے اٹک تک تحریک انصاف کی احتساب ریلی، شرکا سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ابھی تو ٹریلر شروع ہوا ہے، جب تک نواز شریف جواب نہیں دیں گے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی احتساب ریلی کاآغاز پشاور سے ہوا، پشاور سے اٹک تک کے سفر میں عمران خان نے کئی مقامات پر ریلی کے شرکا سے خطاب بھی کیا ۔
ریلی کا پہلا اسٹاپ زکوری پل تھا اور دوسرا اسٹاپ تاروجبہ تھا ، یہاں پر شرکا سے خطاب میں عمران خان نےکہاکہ جمہوریت میں لیڈر عوام کوجوابدہ ہوتاہے لیکن 4ماہ ہوگئے نوازشریف نے جواب نہیں دیا ، نوازشریف اس لیے جواب نہیں دے رہے کہ چوری کا پیسہ ہے۔
عمران خان نے اپنے خطاب میں الیکشن کمیشن،چيرمین نیب اورچیرمین ایف بی آر کے سامنےبھی سوالات رکھے ، تحریک انصاف کےچیرمین نےکہاکہ ان کےخلاف جوالزام لگانا ہے لگائیں، وہ بلیک میل نہیں ہوں گے۔
تحریک احتساب کا اگلا اسٹاپ تھا پبی، یہاں خطاب کرتےہوئے عمران خان نے الزام لگایا کہ موٹر وے ، یلو کیب اور میٹرو بس میں قوم کا پیسہ چوری کیا گيا ، یہ خاندان امیر اورقوم غریب تر ہوتی جارہی ہے ، جب تک کرپٹ ٹولے کا احتساب نہیں ہوگا قوم کا کوئی مستقبل نہیں۔