07 اگست ، 2016
سندھ کے 9 نئے وزیروں نے حلف اٹھالیا جبکہ وزیراعلیٰ کے11 معاونین خصوصی کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے ۔اس طرح سندھ کابینہ کے ارکان کی تعداد 37 ہوگئی ہے ۔
سندھ کابینہ کے نو نئے وزرا کی تقریب حلف برداری گورنر ہائوس میں ہوئی، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے حلف لیا ۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ بھی شریک تھے۔
حلف اٹھانے والے وزرا میں میر ہزار خان بجرانی، امداد پتافی، جام اکرام دھاریجو، ممتاز جاکھرانی ، ناصر شاہ، سردار محمد بخش مہر، محمد علی ملکانی، منظوروسان اور فیاض بھٹ شامل ہیں۔
سندھ کابینہ میں وزراء کی تعداد اب 18 ہوگئی ہے ،وزیراعلیٰ سندھ نے 11 معاونین خصوصی کا بھی تقرر کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق معاونین خصوصی میں شاہد تھہیم، عمر رحمان، نادر خواجہ، ذوالفقار بھہن، عابد بھائیو، بابرآفندی، دھون چانڈیو، تیمور تالپور ، قاسم نوید، نوید انتھونی اور ریحانہ لغاری شامل ہیں۔اس طرح معاونین خصوصی کی تعداد 15 ہوگئی جبکہ 4 مشیر بھی شامل ہیں۔
تقریب کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ نے کابینہ کے نئے اراکین کے ساتھ مزار قائد پر حاضری دی ۔اس موقع پر گفتگو میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں رہنے والے سب سندھی ہیں ، تقسیم کی باتیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔