16 جون ، 2012
کراچی … چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار چوہدری اور سپریم کوٹ سے اظہار یکجہتی کیلئے پیر کو سندھ بھر میں عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جائے گا، جبکہ سندھ کی تمام بار میں اعتزاز احسن اور زاہد بخاری کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ یہ اعلان کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر محمود الحسن ایڈووکیٹ نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران کیا۔ محمود الحسن نے بتایا کہ سندھ بھر کے وکلاء کا کنونشن کراچی بار میں ہوا جس میں پاکستان بار، سندھ بار اور صوبے کی تمام ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے نمائندے شریک ہوئے،اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان اور سپریم کوٹ سے اظہار یکجہتی کیلئے پیر کو سندھ بھر میں عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جائے گا، تمام بارز پر سیا ہ پرچم لہرائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ کی تمام بارز میں چوہدری اعتزاز احسن اور زاہد بخاری کے داخلے پر بھی پابندی عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ کراچی بار کے صدر کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کی فیملی کو شامل تفتیش کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کراچی کے کسی وکیل نے ملک ریاض کی وکالت کی تو اس کی رکنیت منسوخ کردی جائے گی۔ ایک سوال پر محمود الحسن نے کہا کہ توہین عدالت میں سزا کے بعد وزیراعظم گیلانی کو آئینی اور قانونی وزیراعظم نہیں سمجھتے۔