پاکستان
04 ستمبر ، 2016

تحریک انصاف کے بانی گروپ کا اسلام آباد میں اجلاس

تحریک انصاف کے بانی گروپ کا اسلام آباد میں اجلاس

 

پاکستان تحریک انصاف کے بانی گروپ نے عمران خان کو ناکام قرار دیتے ہوئے احتساب کے لیے پیش ہونے کا مطالبہ کر دیا، کہا کہ نواز شریف کے احتساب سے قبل جہانگیر ترین، پرویز خٹک اور دیگر کا احتساب کیا جائے۔

تحریک انصاف بانی گروپ کا پہلا اجلاس اکبر ایس بابر کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کا آئین اور بنیادی نظریہ بحال کرنے کے لیے تحریک کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔

پی ٹی آئی کے بانی گروپ کے صدر اکبر ایس بابر نے کہا کہ عمران خان کا فلسفہ دوسروں کو نصیحت خود میاں فضیحت ہے، نواز شریف کے احتساب سے قبل جہانگیر ترین کی دولت کا احتساب کیا جائے، عمران خان بطور چیئرمین ذمہ داریوں کی انجام دہی میں ناکامی پر خود کو پارٹی میں احتساب کے لیے پیش کریں، جہانگیر ترین، پرویز خٹک، علیم خان، نادر لغاری و دیگر کو کرپشن الزامات پر پارٹی سے فارغ کیا جائے،عمران خان تسنیم نورانی اور دیگر اراکین کو بحال کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان تحریک انصاف صرف اقتدار کی ہوس میں مبتلا ہے۔ اجلاس میں خیبر پختونخواہ کے سابق ڈی جی احتساب کمیشن لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حامد خان نے کہا کہ ان کے استعفیٰ دینے کی وجہ نئی ترامیم کے تحت کمشنرز کو مضبوط اور احتساب کو کمزور کرنا تھا۔

اجلاس میں خیبرپختونخواہ میں کرپشن کا سونامی کے نام سے بلیک پیپر بھی جاری کیا گیا جس میں صوبے میں کی گئی کرپشن کی تفصیلات دی گئی ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایک ہفتے کے اندر مرکزی، صوبائی اور ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جبکہ آئندہ انتخابات میں عمران خان کے گرد موجود سیاسی ٹولے کو شکست دی جائے گی۔ فیصلہ کیا گیا کہ بانی گروپ پی ٹی آئی کے بنیادی نظریے کو بھی بحال کرے گا۔

مزید خبریں :