Time 25 مئی ، 2025
دلچسپ و عجیب

ایسے منفرد کانٹیکٹ لینس تیار جن کو پہن کر آپ آنکھیں بند کرکے بھی دیکھ سکیں گے

ایسے منفرد کانٹیکٹ لینس تیار جن کو پہن کر آپ آنکھیں بند کرکے بھی دیکھ سکیں گے
چینی سائنسدانوں نے اسے تیار کیا / فوٹو بشکریہ Yuqian Ma

یہ کسی سائنس فکشن فلم سے کم نہیں مگر یہ حقیقت ہے کہ سائنسدانوں نے ایسے کانٹیکٹ لینس تیار کیے ہیں جو لوگوں کو اندھیرے میں دیکھنے کی صلاحیت فراہم کرتے ہیں۔

مگر نائٹ ویژن گلاسز کے برعکس اس کانٹیکٹ لینس کو کسی پاور سورس کی ضرورت نہیں اور پہننے والے کے لیے انفرا ریڈ ویو لینتھ رینج کو دیکھنا ممکن بناتا ہے۔

یہ بھی اس کا حیرت انگیز پہلو نہیں سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ لینس اس وقت بھی کام کر سکتے ہیں جب پہننے والے کی آنکھیں بند ہوں۔

جی ہاں واقعی سائنسدانوں نے یہی دعویٰ کیا ہے کہ اسے پہننے والے فرد کے لیے ایسا ممکن ہوگا۔

چین کی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ماہرین نے اسے تیار کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری تحقیق سے ایسی ڈیوائسز کی تیاری کا راستہ کھل گیا ہے جو لوگوں کو سپر ویژن فراہم کریں گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس ٹیکنالوجی کو متعدد کاموں کے لیے استعمال کیا جاسکے گا جیسے انفراریڈ لائٹ کو سکیورٹی، ریسکیو، انکرپشن یا دیگر کاموں سے متعلق تفصیلات ٹرانسمیٹ کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

انسان روشنی میں متعدد لائٹ ویوز کو دیکھ سکتے ہیں مگر اندھیرے میں ہماری بینائی کام نہیں کرتی۔

اس نئے کانٹیکٹ لینس میں نانو پارٹیکلز ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا جو اس روشنی کو جذب کرتی ہے جسے ہم دیکھ نہیں سکتے اور اسے ویو لینتھ میں تبدیل کرکے اسے دیکھنا ممکن بناتی ہے۔

اسے بنانے کے لیے محققین نے نانو پارٹیکلز کو اس لچکدار میٹریل میں ملایا جسے عام کانٹیکٹ لینسز تیار کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

تحقیق کے دوران ثابت ہوا کہ اس امتزاج سے لوگوں کے لیے مکمل تاریکی میں بھی انفراریڈ سگنلز کو دیکھنا ممکن ہو جاتا ہے۔

یہاں تک کہ وہ اس وقت بھی دیکھ سکتے ہیں جب ان کی آنکھیوں بند ہوتی ہیں۔

محققین کے مطابق ٹرائل میں ثابت ہوا کہ اس نئے کانٹیکٹ لینس کے بغیر لوگ کچھ نہیں دیکھ پاتے مگر وہ انہیں پہننے کے بعد اندھیرے میں بھی دیکھنے کے قابل ہوگئے۔

ابھی تو اس کانٹیکٹ لینس کو عام فروخت کے لیے پیش نہیں کیا جا رہا ہے مگر محققین کو توقع ہے کہ اس سے مستقبل قریب میں کلر بلائنڈ افراد مختلف رنگوں کے ویو لینتھ دیکھنے کے قابل ہو جائیں گے جو وہ ابھی نہیں دیکھ سکتے۔

فی الحال یہ کانٹیکٹ لینس صرف انفراریڈ ریڈی ایشن کو ہی دیکھ سکتے ہیں جن کو ایل ای ڈی لائٹ سورس سے خارج کیا جاتا ہے مگر محققین کی جانب سے نانو پارٹیکلز کی حساسیت کو بڑھانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل سیل میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :