16 جون ، 2012
اسلام آباد … یونان سے بیدخل 76 پاکستانیوں کو اسلام آباد پہنچائے جانے پر تحویل میں لے لیاگیا ہے جبکہ بحرین جانے والی پرواز کے ایک پاکستانی مسافر کے پیٹ سے ہیروئن بھری 80 کیپسول برآمد کرلئے گئے ہیں۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ترکی کے راستے غیر قانونی طور پر یونان اور یورپ جانے کی کوشش میں گرفتار 76 پاکستانیوں کو بیدخل کرکے 2 پروازوں کے ذریعے واپس پہنچایا گیا۔ ایئر پورٹ پر ایف آئی اے کے پاسپورٹ سیل کے حکام نے انہیں اپنی تحویل میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی ہے، ان افراد میں سے 49 کا تعلق گجرات، 5 کا پشاور، 7 کا راولپنڈی جبکہ 2 کا تعلق فیصل آباد سے ہے۔ اسلام آباد کے ایئرپورٹ پر اے این ایف حکام نے بحرین جانے والی ایک پرواز کے مسافر کی پڑتال کی تو اس سے ہیروئن بھرے 80 کیپسول برآمد ہوئے جو اس نے نگل رکھے تھے، ملزم کا تعلق شیخوپورہ سے بتایاگیا ہے۔