17 جون ، 2012
اسلام آباد… وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ نائف بن عبدالعزیز کی وفات پر پوری قوم سوگوار ہے، پاکستان کیلئے ا ن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اتوار کو یہاں سعودی عرب روانگی سے قبل چکلالہ ایئر بیس پر اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ نائف بن عبدالعزیز کی وفات پر پوری قوم سوگوار ہے۔ وزیراعظم نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیلئے ا ن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جنہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم اور حکومت کو سعودی ولی عہد کی وفات پر بڑا دکھ اور افسوس ہے اور سعودی حکومت اور عوام سے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دورہ سعودی عرب کے دوران وہ سعودی شاہی خاندان سے تعزیت کا اظہار کریں گے اور مرحوم ولی عہد کے جنازہ میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستان خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیراعظم کے وفد میں وفاقی وزیر مذہبی امور سید خورشید شاہ اور بری فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی شامل ہیں۔