18 جون ، 2012
اسلام آباد… وزیراطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ماضی میں پنجاب کے حکمرانوں نے جاگ پنجابی جاگ کا نعرہ لگا کر قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی اور اب بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہرے صرف پنجاب میں ہو رہے ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں املاک کو پہنچنے والے نقصان کا مقدمہ وزیراعلیٰ پر درج ہونا چاہیے ، انہوں نے پیپلزپارٹی کی رہ نما فوزیہ وہاب کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہ کہ فوزیہ وہاب نے پارلیمان کے اندر اورباہر پیپلزپارٹی کا مقدمہ بڑی جرات سے لڑا،وہ تحقیقات کر رہے ہیں، ڈاکٹروں کی غفلت پائی گئی تو انہیں ضرور سزا دی جائے گی ، قمر زمان کائرہ نے سعودی شہزادے کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہزادہ نائف پاکستان کے بہترین دوست اور خیر خواہ تھے، وہ سعودی عرب میں بیٹھ کر پاکستان کی نمائندگی کرتے تھے۔