18 جون ، 2012
خانیوال … خانیوال میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس اور وزیراعظم کے معاون خصوصی احمد یار ہراج کے سیکیورٹی گارڈز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کو نشتر اسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف خانیوال میں سول لائن روڈ پر مظاہرہ کرنے کے دوران مظاہرین نے احتجاجاً وزیراعظم کے معاون خصوصی احمد یار ہراج کی گاڑی کو روک لیا اور انہیں بجلی کا مسئلہ حل کروانے کا کہا جس پر احمد یار ہراج کے سیکیورٹی گارڈز اور پولیس نے مظاہرین پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے ایک شخص غلام عباس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا جبکہ باقی 4 زخمیوں کو نشتر اسپتال ملتان کے ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے، جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔