05 اکتوبر ، 2016
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا 11 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔
ایجنڈے کے مطابق وزیر قانون زاہد حامد کنٹرول لائن پر بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بحث کے لیے تحریک پیش کریں گے۔
غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کی روک تھام کا بل بھی مشترکہ اجلاس سے منظور کرایا جائے گا،زنا با الجبر سے متعلق جرائم کی روک تھام کے لیے فوجداری قانون ترمیمی بل 2016 کی منظوری لی جائے گی۔
وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ پی ایم ڈی سی ترمیمی بل منظوری کے لیے پیش کریں گی۔
پارلیمنٹ قومی اہمیت کے دیگر معاملات پر بھی بحث کرے گی۔ذرائع کے مطابق غیرت کے نام پر قتل میں ملوث افراد کو سزائے موت تک دی جا سکے گی۔ایسے کیسز میں حکومت خود بھی فریق بن سکے گی جبکہ زنا با لجبر میں ملوث افراد کو عمر قید تک سزا دی جا سکے گی۔