09 نومبر ، 2016
جرمنی میں ریاست لوئر سیکسنی اور نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں چھاپوں میں پانچ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
جرمن حکام نے دعوی کیا ہے کہ یہ پانچوں شام میں دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے لیے بھرتی کا ایک ملک گیر نیٹ ورک چلاتے تھے۔ ان پر ایک دہشت گرد تنظیم کے ساتھ تعاون کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
گرفتار شدگان میں ایک بتیس سالہ عراقی شہری احمد عبدالعزیز (ابو ولاء) بھی شامل ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ شخص گزشتہ کئی برسوں سے حکام کی نظروں میں تھا اور اس کا شمار جرمنی میں اسلامک اسٹیٹ کے مرکزی لوگوں میں ہوتا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے دیگر چار افراد میں ایک پچاس سالہ ترک شہری، ایک چھتیس سالہ سربیائی نژاد جرمن شہری، ستائیس برس کا ایک جرمن باشندہ اور افریقی ملک کیمرون کا ایک چھبیس سالہ نوجوان بھی شامل ہے۔ تاہم کہا جاتا ہے کہ ان میں سب سے خطرناک ’ابو ولاء‘ ہی ہے۔