پاکستان
22 جون ، 2012

نامزد وزیراعظم میں اتنی اہلیت نہیں کہ عوامی مسائل حل کرسکے، لیاقت بلوچ

نامزد وزیراعظم میں اتنی اہلیت نہیں کہ عوامی مسائل حل کرسکے، لیاقت بلوچ

حیدر آباد … جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ صدر زرداری نے یوسف رضا گیلانی کو اپنی خواہشات، انا اور لوئی گئی دولت کے تحفظ کیلئے بھینٹ چڑھا دیا، جسے وزیراعظم نامزد کیا گیا ہے اس میں اتنی اہلیت نہیں کہ عوامی مسائل حل کرسکے۔ جماعت اسلامی کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگلے وزیراعظم کیلئے جس شخص کوچنا گیا ہے وہ پہلے ہی سے رینٹل پاور کیس میں عدالت کے کٹہرے میں آچکا ہے جبکہ ساڑھے 4 سال کی مدت میں حکمراں اتحاد ناکام ثابت ہوا ہے اور یوسف رضا گیلانی کی رخصت کے بعد آنے والے وزیراعظم میں اتنی صلاحیت نہیں کہ وہ عوامی مسائل حل کرسکے بلکہ نئے وزیراعظم کے آنے سے قومی سلامتی کیلئے خطرات مزید بڑھ جائیں گے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت بلدیاتی انتخابات کی بجائے آئین کے مطابق نگراں حکومت قائم کرکے نئے عام انتخابات کااعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نااہلی چھپانے کیلئے سیاسی شہادت تلاش کررہی ہے موجودہ حالات میں جمہوری قوتیں متحد ہوکر متفقہ لائحہ عمل طے کریں ۔ لیاقت بلوچ نے کراچی میں بدامنی کا ذمہ دار پیپلزپارٹی، متحدہ، اے این پی اور فنکشنل لیگ کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی کسی صورت بحال نہیں ہونی چاہئے، حکومت عوام کو اعتماد میں لے کر سخت فیصلے کرے۔

مزید خبریں :