22 جون ، 2012
کراچی … لیاری آپریشن کے دوران ہلاکتوں کا مقدمہ درج کرنے کیلئے عدالتی حکم کی روشنی میں متعلقہ ایس ایچ او کو ہدایت کردی گئی ہے۔ اس بات کا اعلان مصطفی جمال قاضی نے فٹبال ہاوٴس چاکیواڑہ میں کھلی کچہری کے دوران عوامی شکایات کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ گزشتہ روز لیاری کے مکینوں کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج جنوبی شاہد حسن چانڈیو نے لیاری آپریشن کے دوران ہلاکتوں سے متعلق مقدمہ درج کرنے کیلئے مدعا علیہان کے بیان کی روشنی میں ایس ایچ او کلاکوٹ کو حکم دیا تھا۔ درخواست گزاروں عبدالرزاق لاسی، عمران، محمد اقبال، عقیل، صابر اور جمیل کا موٴقف ہے کہ لیاری آپریشن کے دوران نہتے اورمعصوم شہریوں کے قتل کا مقدمہ ایس ایس پی چوہدری اسلم، ایس ایس پی ناصر آفتاب، ایس ایس پی خرم وارث، رکن قومی اسمبلی نبیل گبول، ارکان سندھ اسمبلی رفیق انجینئر، ڈاکٹر سلیم ہنگورو، کلاکوٹ، چاکیواڑہ، کلری اور بغدادی تھانوں کے ایس ایچ اوز کے خلاف درج کیا جائے۔