پاکستان
23 جون ، 2012

نئے وزیراعظم کااتحادیوں کے گھر جاکر شکریہ

نئے وزیراعظم کااتحادیوں کے گھر جاکر شکریہ

اسلام آباد…وزیراعظم راجا پرویزاشرف نے اتحادی قائدین چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی سے اظہار تشکر کی ملاقات کرکے مسلم لیگ قاف کے بعض رہنماوٴں کے تحفظات پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے ، چودھری برادران نے ہم خیال گروپ والے 6 ایم پی ایز کے خلاف ریفرنس بھیجنے کا اعلان بھی کیا ہے ۔وزیراعظم راجا پرویز ، ساتھی وفاقی وزراء کے ہمراہ اسلام آباد میں چودھری برادران کی ہائش گاہ پرگئے اورانتخاب میں حمایت کرنے پر اتحادی قائدین کا دلی شکریہ ادا کیا جبکہ کابینہ میں مسلم لیگ ق کی نمائندگی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔بعد میں وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے میڈیا کو بتایا کہ فیصل صالح حیات کی ناراضگی کی باتیں، مفروضہ ہیں، وفاقی وزیر خورشید شاہ نے کہاکہ مسلم لیگ ق والے ناراض نہیں ہیں، فیصل صالح حیات کا معاملہ مسلم لیگ قاف کا ہے، وہ خود اسے حل کرلیں گے، چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ ملاقات میں صرف توانائی بحران کے معاملہ پر بات ہوئی، وزیراعظم نے یقین دلایاکہ توانائی بحران کے حل کے اقدام کریں گے، فیصل صالح حیات اور دیگر ممکنہ ناراض ارکان سے متعلق سوال پر پرویز الٰہی نے کہاکہ سوالات کا ایک دو روز میں جواب آجائے گا، انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے الیکشن میں ہمارے 50 میں سے 41 ارکان نے ووٹ ڈالا، 3 نے نہ آنے کی اطلاع دی تھی، دیگر نہ آنے والے 6 ارکان کے خلاف ریفرنس بھیجا جائے گا، پرویزالٰہی نے کہاکہ ڈپٹی پرائم منسٹر کے حوالے سے جلد خوش خبری آئے گی۔

مزید خبریں :