23 جون ، 2012
لاہور … پنجاب اسمبلی نے 57 ارب 14 کروڑ روپے کے ضمنی بجٹ کی منظوری دے دی ہے، جس کے ساتھ ہی اسپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا، اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انہیں نئے وزیر اعظم سے کوئی خاص امید نہیں۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر رانا محمد اقبال کی صدارت میں شروع ہوا تو مالی سال 2012-12ء کا ضمنی بجٹ رائے شماری کیلئے پیش کیا گیا۔ اراکین اسمبلی نے بجٹ پر اپوزیشن کی کٹوتی کی 2 تحاریک مسترد کردیں جبکہ سرکاری اراکین کی جانب سے 42 مطالباتِ زر منظور کرلئے گئے۔ وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے اپنے خطاب میں کہاکہ جس شخص سے واپڈا کا محکمہ چل نہ سکا اور نہ ہی لوڈ شیڈنگ ختم ہوسکی،وہ ملک کیسے چلائے گا۔ اجلاس کے بعد اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی حکومت توانائی کانفرنس کے فیصلوں پر عمل درآمد نہیں کر رہی اور لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے پنجاب کے ساتھ سوتیلی ماں کاسا سلوک کیا جا رہاہے۔