23 جون ، 2012
دادو … سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے طے کرلیا ہے کہ تصادم کی سیاسست کرنی ہے اور عوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب میں مبتلا رکھنا ہے، پیپلزپارٹی نے 4 سالہ دور میں عوام کو کچھ نہیں دیا۔ دادو کے مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر قادر مگسی کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو نے جنہیں اپنی زندگی میں کہا کہ وہ ان کے قاتل ہوسکتے ہیں وہی لوگ زرداری کے دائیں بائیں بیٹھے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ماضی کے حکمرانوں نے عدلیہ کو ربڑ اسٹیمپ کے طور پر استعمال کیا ہے، پہلی بار عوامی حمایت سے عدالتیں آزاد ہوئیں جس کے نتیجے میں گیلانی کو اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا، گم شدہ قوم پرست کارکنوں کی بازیابی کیلئے بھی سپریم کورٹ نے انتہائی اچھا اقدام اٹھایا ہے۔ ڈاکٹر قادر مگسی کا کہنا تھا کہ سندھ میں جاگیردار پارٹیوں کو شکست دینے کیلئے قوم پرست جماعتوں میں اتحاد بنا ہوا ہے اور الیکشن بھی ساتھ ہی لڑیں گے، پیپلزپارٹی نے 4 سال کے دور میں عوام کو کچھ نہیں دیا۔