02 دسمبر ، 2016
ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو قدرتی آفات سے بچاؤ کیلئے 20 کروڑ ڈالر قرض دےگا، پہلی قسط کیلئے پاکستان اور ایشیائی بینک کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے ۔
پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی شریک ہوئے،سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق باجوہ نے معاہدے پر دستخط کئے۔
اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں،فنڈ کے لئے ایک ارب ڈالر ایشیائی ترقیاتی بینک 5 اقساط میں فراہم کرے گا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے طویل عرصے سے مذاکرات جاری تھے،اس معاہدے سے مستقبل میں قدرتی آفات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔