05 دسمبر ، 2016
مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سیاسی بات چیت سے کبھی نہیں بھاگے، بلاول کے مطالبات پہ مشاورت کے لیے تیار ہیں۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کے دوران دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پارلیمنٹ میں کہا کہ فلیٹ کا سارا پیسہ واپس پاکستان لے کرآئے ہیں، الیکشن کمیشن میں بیان جمع کرایا کہ فلیٹ کے سارے پیسے جمائما کو لندن میں ہی دے دیے، اگر لندن میں سارے پیسے دے دیئے تو پاکستان کون سی رقم لے کر آئے؟
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے رام کہانی سنائی کہ جمائما سےقرض لے کر بنی گالہ کی زمین خریدی لیکن جمائما نے پاور آف اٹارنی اور ٹوئٹ میں بھانڈا پھوڑ دیا کہ اس نے ایک ٹکا بھی قرضہ نہیں دیا، ایک شہزادے کا بھی ذکر ہے کہ پرنس راشد علی خان نے ادائیگی کی۔
دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عمران خان کو نظر نہیں آتا،ہوش و حواس گم ہو گئے ہیں کہ ان کی بغل میں کھڑا جہانگیر ترین باروچی اور مالی حاجی خان اور اللہ یار کے نام پہ اربوں کا کاروبار کرتاہے، نادرا سے ان کے شناختی کارڈ مانگے ہیں جو قوم کے سامنے لائیں گے۔
اس موقع پر وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کاکہنا تھا کہ وزیر اعظم پر الزام لگانےو الے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن میں ایک ثبوت پیش نہ کر س اور اب تاخیری حربے اختیار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی اراضی کی رکیوزیشن کا کام مکمل ہوچکا ،ڈیم سے4 ہزار 5 سو میگاواٹ بجلی ملے گی ، یہ ہماری حکومت کےاہم منصوبوں میں سے ایک ہے ۔
ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہےکہ عمران خان نےالیکشن کمیشن میں جواب جمع کرادیالیکن ان کےوکیل نہیں آئے ، عمران خان نےپچھلی سماعت پر جواب داخل نہ کرانےکی ہیٹ ٹرک کی تھی،آج عمران خان نے جواب جمع کروایا لیکن وکیل ادھر ادھر کر دیا ۔
انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کودھکا لگا کر یہاں تک لائے ورنہ وہ آنے پر تیار ہی نہ تھے ،نعیم بخاری آج اس لیےنہیں آئےکہ جواب پربحث شروع نہ ہو ۔