09 دسمبر ، 2016
حیدرآباد میں بھی ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں نے یوم شہداء منانے کیلئے پکا قلعہ جانے کی کوشش کی، جنہیں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے وہاں جانے سے روک دیا۔
روکے جانے پر ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں نے نعرے بازی کی، جس پر پولیس کی ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کے بعد کارکن منتشر ہوگئے۔
حیدرآباد میں ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں اور خواتین کی بڑی تعداد پکا قلعہ پہنچ گئی جہاں انہیں پکا قلعہ گراؤنڈ میں واقع قبرستان میں ایم کیو ایم کے شہیدکارکنوں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کرنا تھی، پولیس کی جانب سے روکنے کے باوجود کارکنان حصار توڑ کر قبرستان پہنچ گئے، اس دوران نعرےبازی کرنے پر پولیس نےکارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی۔
واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری پکا قلعہ چوک پر تعینات کردی گئی ہے،کارکنان پکا قلعہ چوک کے اطراف کی گلیوں سے نکل کر وقفے وقفے سے نعرے بازی کرتے رہے،پولیس نے ایم کیو ایم لندن کے6 کارکنوں کو گرفتار کیا جنہیں بعد میں پوچھ گچھ کے بعد چھوڑدیا گیا۔