12 دسمبر ، 2016
چین نے امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ون چائنا پالیسی پر نظر ثانی کرنے کے بیان پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ نومنتخب صدر کو تائیوان معاملے کی حساسیت کو سمجھنا چاہیے، ون چائنا پالیسی واشنگٹن کے ساتھ تعلقات کی بنیاد ہے۔
ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ تجارت اور دیگر معاملات میں چین کی جانب سے رعایت کے بغیر ون چائنا پالیسی برقرار رکھنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔
تائیوان کو چینی صوبے کی حیثیت دیتے ہوئے امریکا ون چائنا پالیسی پر عمل پیرا رہا ہے، امریکا نے 1979ء میں تائیوان سے سفارتی تعلقات توڑ دیے تھے۔