17 دسمبر ، 2016
ملک بھر میں بارشیں نہ ہونے سے آبی ذخائر میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے ،محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید چند روز موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم خبردار بھی کیا ہے کہ شہری پانی کے استعمال میں محتاط رہیں ،دسمبر اور جنوری میں ہونے والی بارشیں آبی ذخائر میں پانی کی مقدار میں خاطر خواہ اضافہ نہیں کرسکیں گی۔
دسمبر ختم ہونے کے قریب ہے لیکن اچھی بارش کے امکانات موجود نہیں ۔مون سون میں بارشیں معمول سے کم ہوئیں، دسمبر اورجنوری میں بھی بارشیں اور برف باری اوسط سے کم ہونے کی پیش گوئی ہے ،گزشتہ ہفتے سرما کی پہلی بارش ملک کے بالائی حصوں میں چند علاقوں تک محدود رہی،خشک موسم کے باعث آبی ذخائر کم ہو گئے ۔
محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ دسمبر کے باقی حصہ اور جنوری میں معمولی بارشیں ہو سکتی ہیں، لیکن پانی کے ذخائر بھرنے کا امکان نہیں۔پانی کا استعمال محتاط انداز میں کریں ۔
ڈی جی محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول کے مطابق چند بارشیں دسمبر کے باقی حصہ اور جنوری میں ہوں گی، لیکن وہ کافی نہیں ہوں گی اس کمی کو دور نہیں کریں گی جو کمی ہمارے آبی ذخائر میں ہو چکی ہے ،محتاط انداز میں پانی کو استعمال کرنا ہے۔بارشیں نہ ہونے سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بارانی علاقوں میں گندم کی کاشت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیشتر بارانی علاقوں میں گندم کی کاشت نہیں ہو سکی ،جو کاشت ہوئی بھی ہے اس کو دیمک متاثر کر رہی ہے کاشت کار شارٹ سیزن کی سبزیاں اگا لیں وہ کم پانی میں اگ جاتی ہیں ایک بار سبزیاں جڑ پکڑ لیں تو پیداوار کچھ نہ کچھ دے جاتا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دھند سے متاثرہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی اور سندھ کے بالائی علاقوں میں دھند کا سلسلہ مزید چند روز جاری رہے گا ۔