01 جولائی ، 2012
مانسہرہ… ضلع مانسہرہ کے تفریحی مقام ناران میں اس سال ریکارڈ برف باری کے بعد شہر کے چاروں طرف موجود گلیشئرز گرمی کے ستائے ہوئے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں ۔ ناران میں ہر سال برفباری ہوتی ہے لیکن اس مرتبہ 20 سال کے بعد گلیشئرز ناران بازار تک آگئے ہیں ، برف کے اتنے بڑے پہاڑ دیکھ کر میدانی علاقوں سے آنے والے سیاح دنگ رہ جاتے ہیں۔ سخت گرم علاقوں سے آنے والوں کو یہ گلیشئرزانتہائی دلفریب نظر آتے ہیں۔ این ایچ اے حکام کا کہنا ہے کہ اس بار شاہرہِ کاغان کو صاف کرنے کے لئے انہیں ایک درجن سے زائد گلیشئرز کاٹنا پڑے۔ ناران میں پہلی بار اتنے زیادہ گلیشئرز دیکھ کر سیاح خوشی سے پھولے نہیں سما رہے اور انکا کہنا ہے کہ وہ یہ نظارہ کبھی نہیں بھلا سکتے۔ بلاشبہ این ایچ اے نے ناران کے گرد گلیشئرز کو راستے کھولنے کے لئے کاٹا ہے لیکن دور سے دیکھنے والوں کے لئے یہ پر لطف نظارہ بھی اپنی مثال آپ ہے۔ مسلسل تین ماہ تک ناران کی راہ میں رکاوٹ بننے رہنے والے گلیشئرزکی کٹائی کے بعد ناران کا حسن دوبالا ہوگیا ہے۔