02 جولائی ، 2012
کوئٹہ… بلوچستان ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے پنجاب ینگ ڈاکٹرز سے اظہار یکجہتی کے لئے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز میں ہڑتال کردی ہے۔ پنجاب کے بعد بلوچستان کے ینگ ڈاکٹرز نے کوئٹہ سمیت صوبہ بھر کے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز کے بائیکاٹ کردیا ہے، یہ بائیکاٹ صوبے کے ینگ ڈاکٹرز نے اپنے کسی مطالبے کے تحت نہیں کیا بلکہ پنجاب میں ینگ ڈاکٹرز کے خلاف وہاں کی صوبائی حکومت کی مبینہ کاروائی اور سلوک کے خلاف کیاگیا ہے، بلوچستان ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹرعالم مینگل نے جیو نیوز کو بتایا کہ بائیکاٹ کے تحت ینگ ڈاکٹرز سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز میں حاضر نہیں ہوں گے تاہم وہ اسپتالوں میں ایمرجینسی اورآپریشن تھیٹر میں خدمات جاری رکھیں گے، آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے ڈاکٹر عالم مینگل کا کہنا تھا کہ اس بارے میں مزید فیصلہ ایسوسی ایشن کے آج کے ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔کوئٹہ اور صوبے کے دیگر علاقوں میں ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے او پی ڈیز میں ہڑتال کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ادھر بلوچستان کے وزیرصحت کا کہنا ہے کہ بلوچستان ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن کوئی رجسٹرڈ تنظیم نہیں ہے، یہ پہلے پی ایم اے سے خود کو تسلیم کرائے۔