02 جولائی ، 2012
اسلام آباد… سپریم کورٹ نے کراچی و حیدرآباد کیلئے اسپیشل جج اینٹی کرپشن کا زیرالتواء تقرر فوری کرکے کل تک اس کا نوٹی فکیشن طلب کرلیا ہے، ججز نے عدالتی احکامات پر عمل نہ ہونے پر کہا ہے کہ کیا اب ہر کیس میں توہین عدالت کے نوٹس جاری کیا جائے ۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی تین رکنی بنچ نے ملک کی خصوصی عدالتوں میں ججز نہ ہونے کے خلاف مقدمہ کی سماعت ، ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایاکہ کراچی میں اینٹی کرپشن کورٹ کے لئے جج ابھی مقرر نہیں ہوا تاہم اس کیلئے سمری بھجوادی ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہاکہ عدالتوں کے حکم پر عمل نہیں ہورہا ہے، آئین و قانون کو مانا نہیں جارہا ہے، ججز نہ ہونے کہ وجہ سے کئی بدعنوان و جرائم پیشہ افراد بری ہوجاتے ہیں،یہ بھی معلوم کریں گے کہ ججز کی عدم تعیناتی سے کتنے ملزم رہا ہوئے، جسٹس جواد خواجہ نے کہاکہ تاثر مل رہا ہے کہ حکومت ، احتساب و بدعنوانی کیسز میں دلچسپی نہیں رکھتی، حکومت نے عدالتی حکم نہ مانا تو توہین عدالت کا نوٹس جاری کریں گے،پھر خبروں میں آئے گا کہ نیا محاذ کھول دیا گیا ہے، حکومت نے تو یہی کہنا ہوگا کہ عمل نہیں کرنا، عدالت نے اینٹی کرپشن کورٹ کا جج کل تک مقررکرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔