06 جولائی ، 2012
کراچی… ملک کے کئی بالائی مقامات اور جنوب مغربی پنجاب کے چند مقامات پر آج سے مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہورہا ہے ، سندھ کے ساحلی مقامات پر بھی تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیا ت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملاکنڈ، ہزارہ، پشاور، ژوب ڈویژنز میں چند مقامات پر بارش ہوئی، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ڈیرہ غازی خان میں آج سے مون سون کی بارشیں ہونے کا امکان ہے ، یہ سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا ، اس دوران کشمیر اور ملحقہ مقامات پر آندھی چلنے اور بارش ہونے کی توقع ہے ، آج شام اور رات اسلام آباد، راول پنڈی، گوجرنوالہ ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، ملاکنڈ، ہزارہ، پشاور ڈویژنز میں بارش ہوسکتی ہے ، سندھ کے ساحلی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔