01 مئی ، 2017
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ آدھا دین صفائی ہے، لیکن کراچی گندگی میں ڈوبا ہوا ہے، وسیم اختر اگر اختیارات مانگتا ہے تو بالکل ٹھیک مانگتا ہے، وسیم اختر وہ اختیارات مانگتا ہے جو ہم نے خیبرپختونخو ا میں اپنے نمائندوں کودیے، کراچی میں انتخابات توکروادیے گئےلیکن اختیارات نہیں دیے گئے ۔
کراچی میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کراچی میں وسیم اخترکہتا ہے کہ اختیارات نہیں لیکن پشاور کا میئر یہ نہیں کہہ سکتا ، یہاں یہ اس لیے نہیں ہوتا کہ یہ فنڈز نہیں دینا چاہتے ، اگر آ پ کو موقع ملے خیبر پختونخوا جانے کا تو آپ کو وہاں کی پولیس دیکھ کر فخر ہوگا ، جس ملک میں تاجروں کو یہ خطرہ لاحق ہو کہ اس کے بچے اغوا ہ ہوجائیں گے وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہم نے آئی جی کو بااختیار بنایا اور سیاسی بھرتیوں کا خاتمہ کیا، اے ڈ ی خواجہ بھی کہتا ہے کہ مجھے سندھ میں خیبر پختونخوا جیسا نظام چاہیے ، پولیس سے جب آپ اپنے غلط کام کروائیں گے تو وہ اپنے بھی غلط کام کرینگے، خیبرپختونخوا میں ہم نے کرپشن کے خاتمے کےلیے نظام بنایا ، یہاں پیسے لے کر بھرتیاں ہورہی ہیں ،ملک ایسے نہیں چل سکتا ۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نظام درست نہ ہوا تو بے روزگاری کا بم پھٹےگا، آپ کا سب سے بڑا مسئلہ ایف بی آر کا ہے ، ایف بی آر کو ٹھیک کرنے کےلیے اسے ادارہ بنانا ہوگا، تاجروں کے لیے ایسا ماحول بنایاجائیگا کہ آپ خود ٹیکس دینگے۔