06 جولائی ، 2012
پشاور …پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا حکومت کی درخواست پر کالعدم تحریک نفاذ شریعت محمدی کے امیر مولانا صوفی محمد کے خلاف قائم مقدمات کی سماعت دیر سے پشاور کی عدالت میں منتقل کرنے کا حکم دیاہے۔صوبائی حکومت کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان نے کی۔ ایڈووکیٹ جنرل اسداللہ چمکنی نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ داخلہ نے درخواست کی ہے کہ مولانا صوفی محمد کے خلاف تیمر گرہ دیر میں دو مقدمات درج ہیں جو2001 میں امن عامہ کو نقصان پہنچانے اور ریاستی اداروں کے خلاف تقاریرپر درج کئے گئے تھے۔ جبکہ مولانا سینٹرل جیل پشاور میں قید ہیں۔ایڈووکیٹ جنرل نے موقف اختیار کیا کہ مولانا صوفی محمد کو دیر کی عدالت میں پیشی کے لئے لے جانا خطرے سے خالی نہیں۔ ایڈوکیٹ جنرل نے دونوں مقدمات سینٹرل جیل پشاور میں قائم انسداد دہشت گردی عدالت میں منتقل کرنے کی استدعا کی جو چیف جسٹس منظور کرلی۔