06 جولائی ، 2012
کراچی … نیٹو سپلائی کے خلاف جماعت الدعوة کی جانب سے پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، پریس کلب پر ہونے والے احتجاج کے دوران شرکاء نے امریکا اور اتحادی افواج کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت الدعوة کے رہنما حافظ کلیم اللہ اور دیگر نے کہا کہ نیٹو سپلائی شکست خوردہ امریکا کو آکسیجن فراہم کرنے کے مترادف ہے، نیٹو سپلائی کے خلاف پر امن تحریک چلا کر حکومت کو مجبور کریں گے کہ وہ سپلائی کی بحالی کا فیصلہ واپس لے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کا فیصلہ پاکستان کے کروڑوں لوگوں کی امنگوں کے خلاف ہے۔ مظاہرے سے عوامی مسلم لیگ کے رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں لانگ مارچ کیلئے کیمپ اتارنا پنجاب حکومت کی دوغلی پالیسی ہے۔