08 جولائی ، 2012
کراچی…روس میں چھ ماہ کی بارش دو دن میں برس گئی، چین میں ایک ہفتے کی بارشوں نے شمالی اورجنوبی مغربی علاقوں کوسیلابی پانی میں ڈبو دیا،مگرامریکا کی بیس ریاستیں ریکارڈ گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔روس میں کراسنوڈور کے خطے میں شدید سیلاب نے ہزاروں افراد کو بے گھر کردیا۔ تین سو ملی میٹر بارش نے غیر معمولی تباہی پھیلادی ہے۔ سیلابی ریلے میں بہہ جانے اور کرنٹ لگانے سے 150 کے قریب افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔سڑکوں کا نظام جہاں تباہ ہوا ہے وہیں شہریوں کے روزمرہ معمولات بری طرح مفلوج ہوگئے ہیں۔اُدھرچین کے شانژی صوبے کی اُنسٹھ کاوٴنٹیوں میں پونے چار لاکھ سے زائد افراد سیلاب کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔سیلاب سے اکیس ہزار ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ژی ژیانگ ،زہنبا اور سی چوان صوبے میں بھی تیس لاکھ افراد غیر معمولی بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ادھر امریکا کی بیس ریاستوں میں درجہ حرارت ایک سو پانچ ڈگری فارن ہائٹ تک پہنچ گیا ہے۔واشنگٹن،فلاڈیلفیا،نیویارک ،بالٹی مور ،شکاگو اور انڈیاناپولس سمیت کئی ریاستوں میں شہریوں کو لو کے تھپیڑوں نے جھلاسا دیا ہے۔