14 جون ، 2017
سب بڑے مقدمے میں سب سے بڑی پیشی، وزیراعظم نواز شریف کل مشترکا تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوں گے، فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے اردگرد سڑکوں کی مرمت اور صفائی ستھرائی کر دی گئی۔
پاناما تحقیقات میں اہم ترین موڑ آگیا، ملک کے انتظامی سربراہ وزیراعظم نوازشریف جمعرات کو جے آئی ٹی میں جائیں گے، وزیراعظم ہوں گے تن تنہا، سامنے ہوں گے جے آئی ٹی کے6ارکان، پھر ہوں گے سوال جواب۔
وزیراعظم مشترکا تحقیقاتی ٹیم کی طرف سے مانگی گئی دستاویزات ساتھ لے کے جائیں گے، وہ پہلے ہی پارلیمنٹ میں پاناما کے بارے میں تمام دستاویزات پیش کرنے کا کہہ چکے ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف کی فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں پیشی کے موقع پر اکیڈمی کے گردو نواح میں سڑکوں کی مرمت اور صفائی ستھرائی کر دی گئی ہے، پیشی سے دو روز پہلے ہی اسلام آباد کے ریڈ زون میں وزیراعظم نواز شریف کے حق میں بینرز لگ چکے ہیں۔
بینرز پر وزیراعظم نواز شریف ،مریم نواز اور شہباز شریف کی تصاویر کے ساتھ سابق سینیٹر عباس آفریدی کی تصویر بھی نمایاں ہیں، وزیراعظم نے اپنی جماعت کے کارکنوں کو پہلے ہی اکیڈمی آنے سے روک دیا ہے۔
سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کی تحقیقات کا نتیجہ جوبھی نکلے ، وزیراعظم کا خود کو تحقیقات کے لیے پیش کرنا ملک میں قانون کی بالادستی کی ایک اعلیٰ مثال ہے۔