پاکستان
15 جون ، 2017

وزیراعظم آج جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے

وزیراعظم آج جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے

وزیراعظم پاکستان نواز شریف آج پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوں گے، فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کی سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ پولیس کے دستے پہنچ گئے، خواتین اہلکار بھی سیکیورٹی کے لیے موجود ہیں۔

پاناما تحقیقات میں اہم ترین موڑ آگیا، ملک کے انتظامی سربراہ وزیراعظم نوازشریف جے آئی ٹی میں موجود 6ارکان کے سامنے پیش ہوکر سوالوں کے جواب دیں گے۔

وزیراعظم پیشی کے موقع پر اپنے ساتھ مشترکا تحقیقاتی ٹیم کی طرف سے مانگی گئی دستاویزات لے کر جائیں گے۔ واضح رہے وزیراعظم پہلے ہی پارلیمنٹ میں پاناماکے بارے میں تمام دستاویزات پیش کرنے کا کہہ چکے ہیں۔

وزیراعظم کی فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں پیشی کے موقع پر اکیڈمی کے گردو نواح میں سڑکوں کی مرمت اور صفائی ستھرائی خوب کر دی گئی ہے، پیشی سے دو روز پہلے ہی اسلام آباد کے ریڈ زون میں وزیراعظم نواز شریف کے حق میں بینرز لگ چکے ہیں۔

بینرز پر وزیراعظم نواز شریف ،مریم نواز اور شہباز شریف کی تصاویر کے ساتھ سابق سینیٹر عباس آفریدی کی تصویر بھی نمایاں ہے۔

وزیراعظم نے اپنی جماعت کے کارکنوں کو پہلے ہی اکیڈمی آنے سے روک دیا ہے۔

جوڈیشل اکیڈمی میں وزیراعظم کے بیٹے حسین نواز پانچ بار ، حسن نواز دوبار پیش ہوچکے ہیں۔

سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کی تحقیقات کا نتیجہ جوبھی نکلے ، وزیراعظم کا خود کو تحقیقات کے لیے پیش کرنا ملک میں قانون کی بالادستی کی ایک اعلی ٰ مثال ہے ۔

 

مزید خبریں :