پاکستان
22 جون ، 2017

جے آئی ٹی آج تیسری پیش رفت رپورٹ جمع کرائے گی

پاناما کیس میں جے آئی ٹی نے پینتالیس دن کیا کیا؟ وزیراعظم نواز شریف، ان کے بیٹوں، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی پیشیاں، کیا نتیجہ نکلا؟؟؟ جے آئی ٹی آج سپریم کورٹ میں تیسری پیش رفت رپورٹ جمع کرائے گی۔

سپریم کورٹ پاناما جے آئی ٹی سے متعلق پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ مقررہ 60 دن کی مدت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، تصویر لیک معاملے پر حسین نواز کی درخواست مسترد کر چکی ہے۔

مشترکا تحقیقاتی ٹیم کی پہلی 15 روزہ رپورٹ سپریم کورٹ میں 22 مئی کو، دوسری رپورٹ 7 جون کو اور اب تیسری رپورٹ 22جون کو سپریم کورٹ کے عملدر آمد بنچ میں پیش کی جا رہی ہے۔

مشترکا تحقیقاتی ٹیم کے سامنے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی پیش ہوچکے ہیں۔ اس سے پہلے وزیراعظم کے بیٹے حسین نواز 5 بار اور حسن نواز 2بار مشترکا تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے ۔

وزیراعظم کے قریبی عزیز طارق شفیع، کلاس فیلو سعید احمد چمن، جاوید احمد کیانی اور دیگر بھی مشترکا تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوچکے ہیں۔

اب وزیراعظم کے داماد کیپٹن صفدر، ایف آئی اے کے سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اور سابق وفاقی وزیرداخلہ سینیٹر رحمان ملک بھی جے آئی ٹی میں پیش ہو ں گے ۔

 

مزید خبریں :