11 جولائی ، 2012
لاہور … پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی ون پنجاب کے چیئرمین اور مسلم لیگ ق کے پارلیمانی لیڈر چوہدری ظہیر الدین خان نے ریمارکس دیئے ہیں کہ گورنر پنجاب یونیورسٹیوں کے مالی حسابات میں شفافیت لانے کیلئے سنڈیکٹ (سینیٹ) کے اجلاسوں کیلئے بھی وقت نکالیں۔ یہ ریمارکس انہوں نے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے اس جواب پر دیئے کہ سنڈیکٹ کے اجلاس سال میں 2 مرتبہ ہونے ضروری ہیں جو نہیں ہورہے۔ اجلاس میں کمیٹی کے ممبران میجر (ر) رانا عبدالرحمن اور میاں یاور زمان نے شرکت کی۔ یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور (اوکاڑہ کیمپ) کیلئے 2005ء میں جاری کی گئی 26 کروڑ 20 لاکھ روپے کی رقم کم شرح منافع پر بینک میں رکھنے اور رقم کب وصول کی گئی کے بارے میں واضح معلومات ریکارڈ میں نہ ہونے پر چوہدری ظہیر الدین نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری ہائر ایجوکیشن کو 15دن کے اندر اندر انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی طرف سے آسامیاں مشتہر کیے بغیر 7 آفیسرز کی تقرریوں کے حوالے سے بھی آڈٹ زیر غور آیا۔