11 جولائی ، 2012
مانسہرہ … وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں مسلسل جیت اورصوبے میں کامیاب پالیسیوں کی وجہ سے اے این پی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے او رصوبہ خیبر پختونخوا میں آئندہ حکومت بھی انہی کی ہوگی۔ وہ مانسہرہ کے علاقے شیر گڑھ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ کراچی بہت جلد اے این پی کا گڑھ بن جائے گا، یہاں انٹر نیشنل دہشت گرد ہزارے وال اور پختونوں کو لڑارہے ہیں اسلئے عوام کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ صوبے کے وسائل پر ہزارہ ڈویژن کے عوام کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا مردان اور چارسدہ کے عوام کا اور قانونی رکاوٹیں دور ہوتے ہی مانسہرہ میں تناول کے نام سے نیا ضلع قائم کردیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسرے صوبوں کی بہ نسبت خیبر پختونخوا حکومت نے رواں مالی سال صوبائی بجٹ میں 80% کا ریکارڈ اضافہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے آزاد رکن حبیب الرحمان تنولی اور نوابزادہ صلاح الدین نے ساتھیوں سمیت اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔